بھٹکل 30 اکتوبر (ایس او نیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے سالانہ جلسہ کے موقع پر قاضی جماعت مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ بھٹکل جیسے چھوٹے سے شہر میں خُلع کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، علماء اور ذمہ داران کی طرف سے مفاہمت کی کوششیں ناکام ہورہی ہیں، بالخصوص زیادہ تر تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی طرح کا سمجھوتا کرنے میں راضی نہیں ہوتی اور وہ اپنی ہی بات پر اڑ جاتی ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ بھٹکل کی خواتین بھلے ہی تعلیم کے میدان میں آگے ہیں مگر اُن کی صحیح تربیت نہیں ہورہی ہے۔ مولانا نے شہر کے تمام ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اس اہم مسئلہ پر قابو پانے کی طرف توجہ دیں۔
بھٹکل خلیفہ جامع مسجد میں جمعہ بعد نماز عشاء منعقدہ سالانہ جلسہ میں جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خواجہ نے کہا کہ خلیفہ جماعت کی جانب سے شادی کے جوڑوں کو اُن کے حقوق سے آگاہ کرانے کے لئے جلسے قائم کئے جارہے تھے، مگر کووڈ لاک ڈاون کے بعدیہ سلسلہ بند ہوگیا تھا، مگر اب دوبارہ یہ سلسلہ شروع کیا جائے گا اور ہر پندرہ دن میں ایک بار ورک شاپ قائم کیا جائے گا جس میں نئے شادی شدہ جوڑوں کو مدعو کرتے ہوئے ایک طرف بیوی کے حقوق سے آگاہ کیا جائے گا، اُسی طرح شوہر کو بھی اپنے حقوق سمجھانے کے لئے اُن کی بھی تربیت کی جائے گی۔ مولانا نے عوام الناس سے درخواست کی کہ جماعت کی طرف سے منعقد کئے جانے والے اس طرح کے تربیتی جلسوں میں اپنے اپنے گھر وںاور رشتہ داروں کے نئے شادی شدہ جوڑوں کو شریک کروانے کی طرف خصوصی توجہ دیں۔
صدر جماعت جناب ایس ایم سیدمحی الدین مارکیٹ کے زیر صدارت سالانہ جلسہ عام کا آغاز مولوی عُمیر سدی باپا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، مولوی صفوان سدی احمد انے ھدیہ نعت پیش کی، نائب سکریٹری جناب سدی باپا محمد طلحہ نے استقبال کیا، مولوی فرقان صدیقہ ندوی نے اصلاح معاشرہ پر خطاب کیا، جنرل سکریٹری جناب جوباپو محمد اسماعیل نے جماعت کی رپورٹ پیش کی، ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ جماعت کے سرپرست جناب محتشم محمد ہاشم نے پیش کی۔ سکریٹری مالیات جناب صدیق عبدالقادر جیلانی کی طرف سے مومولوی مُدرک احمد حاجی فقیہ ندوی نے جماعت کے حساب کتاب کی خواندگی کی۔ اس دوران جماعت کے سابق صدر مرحوم صدیق میراں صاحب اور قوم کے مخلص مرحوم مظفر کولا کے حیات و خدمات پر مشتمل کتابو ں کا اجراء کیا گیا اور دونوں کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے اُن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جلسہ میں جماعت کی جانب سے سہ ماہی مجلہ شروع کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے اس مجلہ کے کور پیج کا اجراء بھی کیا گیا۔
جلسہ میں پانچ اور چھ سال کی عمر میں قران حفظ کرنے پر حافظ محمد ابن مناظر حسن شوپا کی تہنیت کی گئی، اسی طرح مسقط میں مقیم حافظ عمر سلیم عسکری کی دو کمسن دختروں حیفاء اور حفیہ کے بھی حفظ قران مکمل کرنے پر اُن کی بھی ستائش اور ہمت آفزائی کی گئی۔ اسی طرح ACCA میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر عبداللہ نصیف بنٹوال نامی طالب علم کی بھی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت کی گئی۔
جلسہ میں شریک قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین کے صدر جناب ایڈوکیٹ محمد مزمل قاضیا اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب ایس ایم سید پرویز سمیت جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری شہر کے بزرگ عالم دین مولانا فاروق ندوی اور جدہ جماعت کے سرگرم رُکن جناب نعمان علی اکبرا نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔
جماعت کے سکریٹری مولوی اسماعیل انجم گنگاولی ندوی نے جلسہ کی نظامت کی، مولوی میراں پوتے ندوی کے کلمہ تشکر اور جماعت کے نائب قاضی مولانا ایمن علی قمری ندوی کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔ جلسہ کے آخر میں تمام شُرکاء کے لئے تواضع کا انتظام کیا گیا تھا۔